خیبرپختونخوا میں مالی بحران،وفاق کو خط لکھ دیا

خیبرپختونخوا میں مالی بحران ،وفاق کو خط لکھ دیا

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صوبے میں مالی بحران کے تناظر میں وفاقی حکومت کو خط لکھ کر فوری توجہ کی درخواست کی ہے۔

مزمل اسلم کے مطابق، وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی بروقت فراہمی میں کمی کی وجہ سے صوبے کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے، جس کے باعث مالی سال 2025-26 کے لیے 157 ارب روپے کے سرپلس ہدف کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ میں وفاق کی جانب سے کم فنڈز جاری کیے گئے، جس سے صوبائی مالی نظام متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن گزشتہ 6 ماہ میں صرف 56 ارب روپے جاری ہوئےجس کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے شدید فنڈز کی کمی کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ: تحصیل ماموند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار شہید

مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ وفاق نے 127 ارب روپے کم جاری کیے، اسٹریٹ ٹرانسفرز کے لیے 115 ارب کے بجائے صرف 19 ارب روپے دیے گئے، این ایف سی شیئر میں 76 ارب روپے کی کمی ہوئی جبکہ نیٹ ہائیڈل منافع کی مد میں 106 ارب کے مقابلے میں صرف 18 ارب روپے موصول ہوئے۔

خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیلاب اور بحالی پر 28 ارب روپے خرچ ہوئے، جس سے صوبائی وسائل پر اضافی بوجھ پڑا، جبکہ آئی ڈی پیز پر 7 ارب روپے اضافی خرچ کیے گئے، جس سے مالی بحران میں مزید اضافہ ہوا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی ریلیزز میں مسلسل کمی کی وجہ سے ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں،صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود خود 46 ارب روپے جاری کیے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے خط میں وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ بروقت اور مکمل فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ صوبائی ترقیاتی اور عوامی خدمات متاثر نہ ہوں۔

Scroll to Top