ایران : سپریم لیڈر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج کی ریلیوں نے ایک تاریخی دن رقم کیا اور غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے مقاصد کے حصول کے لیے اندرونی کرائے کے ایجنٹ استعمال کرنا چاہتا تھا، لیکن ایرانی قوم نے اپنے عزم اور قومی شناخت کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے دشمن کے منصوبے ناکام بنا دیے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ مظاہرے امریکی سیاست دانوں کے لیے خبردار کرنے کے مقصد سے تھے، اور ایران کی قوم مضبوط، باخبر اور دشمن کے خلاف ہمیشہ میدان میں موجود ہے۔
انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فریبی اقدامات بند کرے اور اپنے آلہ کاروں پر بھروسہ کرنا چھوڑ دے۔
یاد رہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران میں حکومت کے حق میں ایک بڑا عوامی مظاہرہ ہوا، جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
مظاہرے میں شریک افراد نے ایرانی پرچم اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، جس سے ایرانی عوام کی یکجہتی اور قومی جذبے کا مظاہرہ ہوا۔
یہ مظاہرے ایران میں موجودہ سیاسی ماحول اور بین الاقوامی کشیدگی کے دوران ایک اہم پیغام کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایرانی عوام ملکی خودمختاری اور حکومت کے حق میں متحد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف فیصلہ کن قدم سے ٹرمپ پیچھے نہیں ہٹیں گے، وائٹ ہاؤس
جبکہ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر ضرورت پڑنے کی صورت میں فوجی طاقت کے استعمال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتکاری کو ترجیح دیتے رہے ہیں، تاہم اگر حالات کا تقاضا ہوا تو فوجی آپشن استعمال کرنے سے بھی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی، اور ایرانی حکومت اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ آئندہ کیا قدم اٹھائیں گے، اس کا فیصلہ صرف وہ خود کریں گے اور اس حوالے سے کسی پیشگی حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔
کیرولین لیوٹ کے مطابق ایران کی جانب سے عوامی اور نجی سطح پر دیے جانے والے پیغامات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت ایک طرف عوامی سطح پر ایک مؤقف اپناتی ہے، جبکہ دوسری جانب نجی طور پر امریکا اور ٹرمپ انتظامیہ کو مختلف نوعیت کے پیغامات ارسال کر رہی ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ان نجی بات چیت کی تفصیلات یا نوعیت سے متعلق مزید وضاحت فراہم نہیں کی۔





