اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کی افواج کی مشترکہ مشق انسپائرڈ گمبٹ 2026میں دونوں ملکوں کے شرکاء نے اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 8 جنوری سے شروع ہوئی اور 16 جنوری تک جاری رہے گی۔
جمعرات کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر، پبی میں معزز مہمانوں کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور سینئر امریکی فوجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مہمانوں کو مشق کی اہمیت، مقاصد اور انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ دونوں ملکوں کی افواج کے شرکاء نے مشق کے دوران دہشت گردی کے خلاف تربیت اور مختلف طریقہ کار میں اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ کیا، جسے معزز مہمانوں نے سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : کرک میں نئی پولیس لائنز کا افتتاح، آئی جی پی نے سہولیات اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود پر زور دیا
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشق کا بنیادی مقصد دہشت گردی سے نمٹنے کے تجربات کے ذریعے دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید مضبوط کرنا اور دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
مزید برآں مشق کے دوران باہمی ہم آہنگی اور تعاون کی صلاحیت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ مشق انسپائرڈ گمبٹ 2026 سے دونوں ملکوں کی افواج کو جدید تربیتی تقاضوں کے مطابق آپس میں تجربات اور مہارت کا تبادلہ کرنے کا موقع ملا، جس سے مستقبل میں مشترکہ آپریشنز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔





