اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے لیے اسپیکر آفس کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے جانچ پڑتال کے بعد سمری تیار کرکے اسپیکر آفس کو بھیج دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے طور پر محمود خان اچکزئی کے نام کا اعلان متوقع ہے، کیونکہ وہ اس عہدے کے واحد امیدوار ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز امیدوار کے کاغذات کی اسکروٹنی کی تھی، اور اب یہ عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن جمعے کو جاری ہونے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ محمود خان اچکزئی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا اور بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا مقدمہ ایوان صدر میں پیش نہیں کرنا چاہیے تھا۔
ادھر تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے نوٹیفکیشن کا اجرا نیک شگون ہے، تاہم قائمہ کمیٹیوں میں واپسی اور آئندہ کے مراحل کے لیے بانی تحریک انصاف سے ملاقات ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور امریکا کی مشترکہ مشق انسپائرڈ گمبٹ 2026 میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ
اس پر رانا ثناء اللہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر 8 فروری کے بعد 8 مئی کے احتجاج کی کال نہیں دی گئی تو بانی تحریک انصاف سے ملاقات کا مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سیاسی منظرنامے میں اہم موڑ ہے اور آئندہ دنوں میں پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں کے تعلقات پر اس کا اثر نظر آئے گا۔





