پشاور: گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں، 95 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی

پشاور: سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے پر مزید 95 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ یہ اقدام شہریوں اور طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم نے شہر کے مختلف سیکٹرز میں گاڑیوں کی چھتوں پر طلباء کو بٹھانے کے الزام میں ڈرائیوران پر جرمانے عائد کیے۔

ایجوکیشن ٹیم نے شہریوں اور طلباء کو اس خطرناک رویے سے آگاہ بھی کیا اور انہیں خبردار کیا کہ چھت پر سفر کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ شہریوں اور طلباء کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ چھتوں پر سواریاں بٹھانے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی قیادت کو بصیرت کے ساتھ فیصلے کرنے ہوں گے، مولانا فضل الرحمن

چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں چھتوں پر سفر انتہائی خطرناک ہے اور شہریوں کو اس سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں اور طلباء کو بھی چھت پر بیٹھنے سے روکیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے یہ اقدام شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top