کوہستان کرپشن سکینڈل میں بڑی پیش رفت

9 مئی ریڈیو پاکستان حملے کے کیس میں عدالت نے اسپیکر کے پی اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیا

9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے کے کیس میں عدالت نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے انکوائری کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل کا موقف ہے کہ اسپیکر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی نہ تو کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی یہ مجوزہ قانون کے تحت جاری ہوا ہے۔ وکیل نے کہا کہ اسپیکر کو عدالتی کارروائی میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں، اور روزمرہ یا عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کے لیے اسپیکر کمیٹی بنا سکتے ہیں، لیکن اس معاملے میں انکوائری کمیشن کے لیے مجوزہ قانون استعمال نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان حملے کا ٹرائل دو سال سے انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت ہے، اور کسی دوسرے فورم کو عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی قانونی اجازت نہیں ہے۔ کیس میں نامزد ملزمان موجودہ صوبائی اسمبلی کے ممبران ہیں، اور صوبائی حکومت کی پراسیکوشن پر عدم اعتماد کی وجہ سے ریڈیو پاکستان نے ذاتی وکیل مقرر کیا۔

وکیل نے مزید بتایا کہ ریڈیو پاکستان حملے کی ویڈیوز عدالت میں پیش کی گئیں اور فرانزک کی درخواست منظور ہوئی، جس کے بعد اسپیکر نے انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ درخواست گزار کی استدعا ہے کہ اسپیکر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے۔

عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اگلی سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی۔

Scroll to Top