سوات کے علاقے شموزئی میں صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں گھر کو جزوی نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے فوری بعد ڈی پی او سوات محمد عمر اور دیگر متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور حملے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔ م
قامی پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور مشکوک افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ حملہ ان کی آواز دبانے کی کوشش ہے لیکن وہ کسی بھی صورت حق بات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے عوام اور سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ مل کر ایسے عناصر کے خلاف اقدامات کریں جو امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ حملہ سیاسی محرکات کے تحت کیا گیا، تاہم اصل وجوہات اور منصوبہ سازوں کی شناخت کے لیے مزید چھان بین جاری ہے۔
اس واقعے کے بعد سوات میں صوبائی وزراء اور سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔





