احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر صوبائی محتسب نے افسران کی تنخواہیں روک دی

عوامی شکایات کے بروقت حل میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف صوبائی محتسب خیبر پختونخوا مطاہر زیب نے سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

بارہا جاری کیے گئے نوٹسز اور واضح احکامات کو مسلسل نظر انداز کرنے پر افسران کی تنخواہیں فوری طور پر منسلک (Attach) کر دی گئی ہیں۔

صوبائی محتسب خیبر پختونخوا کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان افسران میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، خیبر پختونخوا، چیف انجینئر (سنٹر)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر، سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ، سیکشن آفیسر (E-II) اورمحکمہ صحت شامل ہیں۔

یہ سخت تادیبی کارروائی صوبے میں اچھی طرزِ حکمرانی کے فروغ اور سرکاری اداروں میں جوابدہی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لائی گئی ہےتاکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

متعلقہ افسران نے مسلسل نوٹسز کے باوجود نہ تو مطلوبہ رپورٹس جمع کروائیں اور نہ ہی سماعت کے لیے پیش ہوئے، جو کہ واضح طور پر فرائض میں غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔

صوبائی محتسب مطاہر زیب کے احکامات کے مطابق جب تک متعلقہ افسران مکمل تعمیلی رپورٹ پیش نہیں کرتے، ان کی تنخواہیں معطل رہیں گی۔

پر یس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی خدمت میں غفلت، لاپرواہی اور احکامات کی نافرمانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top