علی امین گنڈاپور کا ڈیرہ کے عوام کے لیے بڑا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ اور درابن کے سیاسی رہنماؤں اور معززین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس سلسلے میں ایک شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں درازندہ اور درابن کلاں تحصیلوں کے معزز مشران نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر چودھواں اور موسیٰ زئی سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات بھی تحریک انصاف میں شامل ہو گئیں۔

علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل کے مطابق ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ شمولیتی تقریب میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو روایتی لونگیاں پہنائیں اور ان سے خطاب بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کا اعتماد ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ درازندہ اور درابن کے عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور علاقے میں پانی کے مسئلے کو ہر صورت حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تختیوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ان کا کام خود بولے گا۔

سابق وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کلاچی کو 26 جبکہ درابن کو 15 ٹیوب ویل فراہم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خان خوانین کی سیاست کا خاتمہ کر کے دم لیں گے اور ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کے لیے لفٹ کینال منصوبہ ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سیاحوں کے لیے بڑا فیصلہ، مشہور تفریحی مقام بند

علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ وہ اپنی ذاتی رقم سے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مسافر پناہ گاہیں بھی تعمیر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق سیاستدان صرف اقتدار کی باریاں لیتے رہے اور عوامی فلاح کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے کی ہر گلی پختہ ہے اور انہوں نے سٹی کے عوام میں سیاسی شعور اجاگر کیا۔

علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیک نیتی سے کام کیا جائے تو مسائل جلد حل ہو سکتے ہیں، اور وہ درازندہ اور درابن میں اسکولوں، سڑکوں سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔

Scroll to Top