پشاور: ضلع کرم میں شدید بارشوں اور غیر معمولی برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا ہے۔
مسلسل اور شدید برف باری کے باعث متعدد مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر ہنگامی ریسکیو اور بحالی آپریشن شروع کیا۔
مقامی آبادی کی مدد اور اہم شاہراہوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری اور تربیت یافتہ افرادی قوت کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ سڑکوں سے برف ہٹا کر تمام اہم زمینی راستے مکمل طور پر بحال کر دیے، جس کے نتیجے میں علاقے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل دوبارہ ممکن ہو سکی۔
زمینی رابطوں کی بحالی سے مقامی افراد کو منڈیوں اور طبی مراکز تک دوبارہ رسائی حاصل ہو گئی۔
امدادی کارروائیوں کے دوران شاہراہوں پر پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔
خراب موسم اور دشوار گزار حالات کے باوجود سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ذاتی طور پر آپریشنز کی نگرانی کرتے رہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع اورکزئی: شدید برفباری میں سیکیورٹی فورسز کی امدادی و ریسکیو کارروائیاں جاری
سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات سے نجات ملی، جس پر مقامی شہریوں نے فورسز کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھایا۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور فوری امداد کو اولین ترجیح دی جائے گی اور وہ ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔





