فوج اور حکومت عوام کے شانہ بشانہ، جھوٹی خبروں سے خوفزدہ نہ ہوں، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ایک بار پھر وادی تیراہ کو خالی کرانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے وادی تیراہ کے حوالے سے چلنے والی غلط اور من گھڑت خبروں کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو خالی کرانے سے متعلق خبر سراسر غلط ہے اور عوامی انخلا کو فوج سے جوڑنا صریحاً غلط بیانی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے حکومت نے چار ارب روپے کے فنڈز مختص کر رکھے ہیں، جبکہ علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں معمول کے مطابق جاری رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی بیانات کے بجائے خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دے۔

اس سے قبل وزارت اطلاعات کی جانب سے بھی ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت یا افواجِ پاکستان کی جانب سے وادی تیراہ کو خالی کرانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔

وزارت اطلاعات کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور ان کارروائیوں کے لیے آبادی کی منتقلی کی نہ کوئی ضرورت ہے اور نہ ہی ایسا کوئی اقدام زیر غور ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وادی تیراہ اور کرم کے عوام کو تقاریر نہیں، واضح قیادت کی ضرورت ہے، فیصل کریم کنڈی

 جبکہ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بیان پر سخت تنقید کی ہے۔

گورنر کنڈی نے اپنے ایکس پر اہم پیغام جاری کیا جس میںکہا کہ ایک پُرامن صوبہ 2013 میں صوبائی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا، لیکن آج وہ دوبارہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا کہ اس پورے بحران کی ذمہ داری صوبائی قیادت کے سوا کس پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کا چیف ایگزیکٹو بغیر حکومتی منظوری کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ہونے اور اس سے اپنی لاعلمی کا دعویٰ کرے، تو یہ صرف نااہلی نہیں بلکہ گورننس کی تباہی کا اعتراف ہے۔

گورنر نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مشورہ دیا کہ وہ شعبدہ بازی اور سیاسی ڈرامہ بازی کو ترک کریں اور عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر وادی تیراہ اور کرم کے عوام کو اس وقت تقاریر نہیں بلکہ واضح قیادت کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top