وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جرات مندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چند سال پہلے بھی سرفراز بگٹی جیسے پُرعزم وزیراعلیٰ ہوتے تو بلوچستان میں دہشت گردی دنوں میں ختم ہو چکی ہوتی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جو بھی دہشت گرد آیا وہ بچ کر نہیں گیا، پاک فوج، ایف سی اور پولیس نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور دنیا کو یہ حقیقت جاننی چاہیے کہ خطے میں دہشت گردی کروانے والا ملک بھارت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک ایک دہشت گرد کا پیچھا کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ گوادر کی لیبر کالونی میں ہونے والے افسوسناک واقعے میں بلوچ شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک، 15 جوان شہید
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور بہترین ردعمل دے کر فتنہ الہندوستان کے مورال کو مزید کمزور کر دیا ہے اور آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





