وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تیراہ میں ہونے والے جرگے میں تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے، صوبائی حکومت نے عوامی مدد کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے تھے تاہم ان رقوم کا کوئی حساب موجود نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا پر صوبائی حکومت کے وزرا محض شعبدہ بازی کرتے نظر آتے ہیں لیکن تیراہ کے علاقے میں ان کی کوئی کارکردگی دکھائی نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشتگردی کے لیے صوبائی حکومت کو اربوں روپے دیے گئے، مگر ان کا درست استعمال نہیں ہوا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تیراہ کے عوام نے پاک فوج پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت کو اپنے گھڑے گئے بیانیے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بیانیہ مکمل طور پر جھوٹ ثابت ہو چکا ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے محض پروپیگنڈا کیا اور تیراہ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، صوبائی حکومت کو جرگے کے فیصلے کے بعد قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: باڑہ سیاسی اتحادجرگہ :تیراہ متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کے لیے جانے والی فورسز پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے جبکہ صوبائی حکومت کا سارا بیانیہ جرگے کے بعد غلط ثابت ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے نہ ہسپتال بنائے اور نہ ہی سکول، حالانکہ یہ ان کی بنیادی ذمہ داریاں تھیں۔





