پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے 111 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی اور اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے سیریز اپنے نام کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، صائم ایوب کی شاندار اننگز نے سب کی توجہ حاصل کی۔
صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز بنائے، جبکہ کپتان بابر اعظم نے 50 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک مضبوط اسکور تک پہنچایا۔
نوجوان خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 21 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان نے 10، سلمان آغا اور محمد نواز نے 5،5 رنز بنائے۔
آسٹریلوی ٹیم 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی اور 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس میچ میں پاکستان کی شاندار بولنگ نے آسٹریلوی بیٹرز کو کہیں بھی گھومنے نہ دیا۔
پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز نے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 18 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کی یہ شاندار بولنگ پاکستان کی فتح کی بنیاد بنی، آسٹریلوی ٹیم میں صرف مارکس اسٹوئنس 23، کیمرون گرین 22 اور جوش فلیپی 14 ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے جبکہ ایڈم زمپا انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکے۔
آسٹریلوی ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں کپتان مچل مارش 1، میتھیو شارٹ 2، رنشا 1، مچل اون 8، اور کونلے 0 پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ سپر سکس مرحلہ، بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف دے دیا
پاکستان نے 7 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر تاریخ رقم کی ہے، پاکستان نے رنز کے اعتبار سے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ کامیابی حاصل کی اور وائٹ واش کے ذریعے اپنے حریف کو بدترین شکست دی۔





