اسلام آباد: سینئر صحافی حسن خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تیراہ کے عوام کو ایک بار پھر بے وقوف بنایا ہے۔
حسن خان کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل یہ اعلان کیا تھا کہ اگر جلسے میں تیراہ کے عوام نے کہا کہ انہیں زبردستی نقل مکانی کرائی گئی ہے، تو انہیں فوراً واپس تیراہ بھیج دیا جائے گا۔
تاہم جلسے کے دوران خود سہیل آفریدی نے یہ تسلیم کیا کہ تیراہ کے عوام کو زبردستی گھروں سے نکالا گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ تیراہ کے بجائے اسلام آباد جائیں گے۔
سینئر صحافی کا سوال ہے کہ اسلام آباد کیوں جا رہے ہیں؟ کیا وہ پختونخوا یا تیراہ کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے جا رہے ہیں؟
حسن خان کا کہنا ہے کہ نہیں! وہ اسلام آباد صرف اڈیالہ جیل میں قید سیاسی رہنما کی ضد اور انا کی تسکین کے لیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ تیراہ کے متاثرین کو صرف سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا 8 فروری کا احتجاج دراصل تیراہ کے عوام کو ایک بار پھر سیاسی کھیل کا حصہ بنانے کی کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بی ایل اے کی جانب سے دہشت گرد بشیر زیب کی وائرل ویڈیو افغانستان میں دو ماہ قبل بنائی گئی، اعلیٰ سکیورٹی ذرائع کی تصدیق
حسن خان کا کہنا تھا کہ تیراہ میں نہ امن کی بات کی جا رہی ہے، نہ وہاں موجود دہشت گردوں کی موجودگی کا ذکر کیا جا رہا ہے، اور نہ ہی متاثرین کے لیے کوئی پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کہ تیراہ کے عوام کی اصل مشکلات کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔





