وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن روکنے کی کوئی بات نہیں کی بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے بتایا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے گفتگو کے دوران وزیراعظم کو احترام کے ساتھ مخاطب کیا اور وزیراعظم نے بھی گرمجوشی سے ان کا خیرمقدم کیا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو یاد دلایا کہ انہوں نے پہلے بھی انہیں مبارکباد دی تھی اور ملاقاتوں میں شرکت کی دعوت دی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ آئندہ تمام اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کریں گے۔
مشیر وزیراعظم کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے کسی قسم کے آپریشن رکوانے کی بات نہیں کی۔
رانا ثنااللہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صوبے میں امن و امان، دہشت گردی کی صورتحال اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی اور سی ٹی ڈی پنجاب کی مثال بھی پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ کو آئینی اور قانونی تقاضوں کی یاددہانی کرائی، جس پر سہیل آفریدی نے دہشت گردی کے خلاف مکمل تعاون اور سنجیدہ کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
رانا ثنااللہ کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو یہ بھی باور کرایا کہ وہ ان کے کسی بھی جائز حق میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، بلکہ جو حق بنتا ہے اس سے بڑھ کر دینے کی کوشش کی جائے گی۔





