انڈس واٹر کراس جیپ ریس: 50 سے زائد ریسرز نے دشوار گزار ٹریک پر مہارت دکھا دی

پشاور: خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیرِ اہتمام دریائے سندھ ہنڈ صوابی میں 14ویں واٹر کراس جیپ ریس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے 50 سے زائد ریسرز نے حصہ لیا اور اپنی مہارت کا مظاہرہ پیش کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود مہمان خصوصی تھے، جن کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن شہریار محمود، ڈائریکٹر ٹورازم محمد علی سید، اسسٹنٹ کمشنر چھوٹا لاہور صدام باجوہ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس سال کی ریس تین کیٹیگریز پر مشتمل تھی۔ پہلی کیٹیگری زیرو ٹو 6 ہزار سی سی گاڑیوں کی تھی، جس میں پہلی پوزیشن بریال خان، دوسری پوزیشن بصیر خان اور تیسری پوزیشن عمران نے حاصل کی۔

دوسری کیٹیگری زیرو ٹو 3 ہزار سی سی گاڑیوں کی تھی، جہاں ابی نے پہلی، رضا جان نے دوسری اور رضا ایس ایس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی کیٹیگری میں مرجان یوسفزئی نے پہلی پوزیشن جیت کر سب کو متاثر کیا۔

ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان محسود نے فاتح ڈرائیورز میں انعامات تقسیم کیے اور کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تیراہ متاثرین کے لئے شفیع جان کا بڑا اعلان

انہوں نے بتایا کہ ہنڈ صوابی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تھیم پارک جلد قائم کیا جائے گا، جبکہ صوابی ڈیم میں پکنک اسپیسز اور آرام گاہیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے پروگرام نہ صرف سیاحت کو بڑھاوا دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں کھیلوں اور ماہر ڈرائیونگ کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔

ریس میں تین کلومیٹر کا دشوار گزار ٹریک بنایا گیا، جس نے شرکاء کے حوصلے اور مہارت کو کڑی آزمائش میں ڈالا۔

اس موقع پر شرکاء اور مقامی لوگوں نے بھی ریس کی کامیابی اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کو سراہا، جبکہ حکومت کی جانب سے مزید سیاحتی منصوبوں کے اعلان سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

Scroll to Top