نومولود بچوں کے صحت انصاف کارڈ کے مسائل پر وزیر صحت کا فوری نوٹس

سلمان یوسفزئی
پشاور:صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شعبہ اطفال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر صحت نے براہِ راست مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

ادویات، ٹیسٹ سہولیات اور دیگر طبی سہولیات سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعدد مسائل موقع پر ہی حل کر دیے گئے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ غریب اور محتاج مریضوں کی خدمت ہر طبی عملے کی مقدس ذمہ داری ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، نرم لہجہ اور ہمدردانہ رویہ اختیار کریں، کیونکہ ہسپتال دکھ اور پریشانی میں مبتلا افراد کی جگہ ہوتے ہیں جہاں انسانی ہمدردی انتہائی ضروری ہے۔

اس کے علاوہ وزیر صحت نے نومولود بچوں کے صحت انصاف کارڈ سے متعلق مسائل کا بھی نوٹس لیا اور یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ فوری طور پر اٹھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر اپنی خاموشی توڑ دی

انہوں نے تیراہ سے آنے والے مریضوں کے لیے خصوصی گرانٹ کی فراہمی کی درخواست بھی متعلقہ محکمے کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔

یہ دورہ صوبائی وزیر صحت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد میڈیکل کمپلیکس میں موجود سہولیات کو بہتر بنانا اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top