پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نئے چاند کی پیدائش منگل کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی، جس کے باعث چاند کے آنکھ سے نظر آنے کا واضح امکان ہے۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حساب کے مطابق پہلا روزہ کل ہونے کی توقع ہے، تاہم رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے شہادتوں کی وصولی اور تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔





