ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ، کپتان عماد بٹ پر عائد دو سالہ پابندی ختم

وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن اور ایڈہاک صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد دو سالہ پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

محی الدین وانی نے کہا کہ اب کھلاڑی اپنی پوری توجہ تربیت اور میچز پر مرکوز کریں گے جبکہ دیگر انتظامی امور فیڈریشن سنبھالے گی، انہوں نے اعتماد اور شفافیت کی فضا کو بحال کرنے اور ٹیم مینجمنٹ کے نظام کو ازسرنو منظم کرنے پر زور دیا۔

ایڈہاک صدر نے مزید کہا کہ قلیل مدتی بنیادوں پر فوری اور اہم مسائل کا حل اولین ترجیح ہے جبکہ وسط مدتی حکمت عملی کے تحت ایک جامع وژن تیار کیا جائے گا۔ کوچنگ اور تربیتی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی فیڈریشن میں شفاف اور جمہوری انتخابات کے ذریعے نئی قیادت کا انتخاب کیا جائے گا۔ ساتھ ہی وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانے اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بدانتظامی پر کپتان عماد بٹ کا شدید ردعمل

محی الدین وانی نے وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر فیصلے میں شفافیت اور انصاف کو مقدم رکھا جائے گا تاکہ پاکستان ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلایا جا سکے۔

Scroll to Top