پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدوار کا اعلان

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا سینیٹ انتخابات کے لیے امیدوار کا اعلان، عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری

شاہد جان

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدوار کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

پارٹی نے مراد سعید کی خالی ہونے والی نشست پر عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اہم فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت منعقدہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مختلف ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد عرفان سلیم کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

پارلیمانی بورڈ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال یا تکنیکی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے بچنے کے لیے سجاد مہمند، غلام بادشاہ بھٹنی اور سردار خان کو بطور کورنگ امیدوار نامزد کیا ہے اور انہیں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں ٹکٹ کی تقسیم اور کورنگ امیدواروں کی نامزدگی کی تفصیلات درج ہیں۔

Scroll to Top