انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مارچ 2026 کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کی نامزدگیوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس میں دنیا کے تین نمایاں کرکٹرز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین فہرست کے مطابق بھارت کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن اور دنیا کے خطرناک ترین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو اس باوقار ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقا کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹر کونر ایسٹرہوئزن بھی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
آئی سی سی کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب مارچ کے مہینے میں بین الاقوامی کرکٹ کے دوران ان کی غیر معمولی اور شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ ہر ماہ ان کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے جو انٹرنیشنل فارمیٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہیں جس کے فاتح کا فیصلہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی ووٹنگ اور ماہرین کی رائے کے بعد کیا جاتا ہے۔





