پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی وکٹ کیپر بیٹرمحمد رضوان اور بنگلادیشی وکٹ کیپر لٹن داس کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی، جس نے میچ کے ماحول کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔
میچ کے چوتھے روز پاکستان کی دوسری اننگز کے دوران محمد رضوان کو بیٹنگ کرتے ہوئے کئی مرتبہ سائیڈ اسکرین کے قریب حرکت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
72ویں اوور میں جب بنگلادیشی اسپنر تیجول اسلام گیند کروانے آئے تو رضوان نے سائیڈ اسکرین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کھیل روک دیا۔
اسی دوران سائیڈ اسکرین کے معاملے پر لٹن داس اور محمد رضوان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ لٹن داس نے رضوان سے سوال کیا کہ وہ بار بار کھیل کیوں روک رہے ہیں، جس پر پاکستانی بیٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سامنے مسلسل حرکت ہو رہی ہے اور یہ معاملہ ان کی بیٹنگ کو متاثر کر رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب بنگلادیشی وکٹ کیپر نے رضوان کو مبینہ طور پر “کھیلو یا آؤٹ ہوجاؤ” کہا، جبکہ بعد میں بعض بنگلادیشی کھلاڑیوں نے بھی طنزیہ جملے کستے ہوئے رضوان کی “اوور ایکٹنگ” کا ذکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی عالمی قوت بننے کی راہ آبادی میں اضافے سے جڑی ہے: مجتبیٰ خامنہ ای
میدان میں موجود امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان معاملہ ٹھنڈا کرایا اور کھیل دوبارہ شروع کروا دیا۔
گرما گرمی کے باوجود محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 14ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان کی اننگز کو سنبھالا۔
چوتھے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے تھے۔
محمد رضوان 75 جبکہ ساجد خان 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں۔





