ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ دو سے تین روز تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ ہفتے کے ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF)، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث دریاؤں کے کناروں پر کٹاؤ اور شہری علاقوں کے نشیبی مقامات زیر آب آنے کا بھی خطرہ ہے۔ ادارے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری اور امدادی اقدامات کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کناروں پر رہنے والوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔





