پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیاسی جلسوں میں صوبائی وسائل کے استعمال کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل انتخاب چمکنی نے جمعرات کے روز خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف درخواست دائر کی، جس میں صوبائی وسائل کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انتخاب چمکنی نے پختون ڈیجیٹل سے گفتگو میں بتایا کہ ایک موکل نے ان سے رجوع کیا، جس نے حکومت کے خلاف کیس دائر کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ موکل، جو ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ ہے، کا کہنا تھا کہ مسلسل احتجاجی جلسوں اور سڑکوں کی بندش سے ان کے کاروبار کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، جبکہ رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
سینئر وکیل کے مطابق، درخواست میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزراء، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ افسران کو نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، آئین کے آرٹیکلز 16 اور 17 کے تحت آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دی گئی ہے، جو حکومت کی ذمہ داری ہے۔