صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی

لنکا پریمیئر لیگ میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچری بھی دمبولا سِکسرز کو شکست سے نہ بچا سکی، جبکہ کینڈی رائلز نے 43 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح اپنے نام کر لی۔

دمبولا کے رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کینڈی رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے۔

لاہیرو اڈارا نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ کپتان اینجلو میتھیوز نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 194 رنز تک پہنچایا۔

195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دمبولا سِکسرز کی جانب سے پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 45 گیندوں پر 74 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : وٹامن ڈی کی کمی کیوں دور نہیں ہوتی؟ نئی تحقیق میں اہم انکشاف

فرحان نے کپتان دنیش چندیمل کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 57 رنز جبکہ نیروشن ڈکویلا کے ہمراہ دوسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز جوڑے، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد دمبولا کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی۔

ایک مرحلے پر 108 رنز پر صرف دو وکٹیں گرنے والی ٹیم دیکھتے ہی دیکھتے 138 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی اور پوری ٹیم 151 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کینڈی رائلز کی جانب سے فاسٹ بولر نووان تھشارا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Scroll to Top