رضوان بلوچ
ضلع ٹانک کے علاقے نندور میں والی بال میچ کے فائنل میچ میں دو فریقین کے درمیان اچانک اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق نندور میں والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جاری تھا اور بڑی تعداد میں شائقین کھیل سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم وجوہات کی بنا پر دو فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ بات بڑھنے پر دونوں اطراف سے اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی۔
فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ میدان میں موجود تماشائیوں میں بھگڈر مچ گئی۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریب واقع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیراؤ میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔





