ایران : ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں نئی تاریخی کم ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت 20 لاکھ 20 ہزار ریال سے تجاوز کرگئی۔
ایرانی ریال 20 لاکھ 20 ہزار ریال فی ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا، جبکہ مارچ کے آغاز میں ایک ڈالر تقریباً 15 لاکھ 30 ہزار ریال میں دستیاب تھا۔ یوں چند ماہ کے دوران ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایرانی ریال کی تاریخی گراوٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا آغاز کردیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف اقتصادی ڈی ڈے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ایران پر بڑے پیمانے پر مالی دباؤ بڑھانے کے لیے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ کی حد میں اضافہ
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکا ایران کے خلاف اپنی تاریخ کی سب سے بڑی مالی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ ایران کی مدد کرنے والے ممالک کو اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے کہا ہے کہ پابندیوں اور جنگ کے باعث ملک کی تیل برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی تقریباً ختم ہوچکی ہے۔
ایران پہلے ہی امریکی پابندیوں، بڑھتی مہنگائی، توانائی کی قلت، کمزور کرنسی اور تجارتی رکاوٹوں کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ جاری جنگ نے ملک کی اقتصادی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔





