پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں ڈینگی کے مؤثر کنٹرول کے لیے بروقت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ رواں سال کے لیے ایک جامع اور قابل عمل ڈینگی ایکشن پلان تیار کیا جائے، تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو کم سے کم سطح پر لایا جا سکے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ڈینگی بخار ایک سنگین مسئلے کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے مؤثر کنٹرول کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی پیشگی اور منظم حکمت عملی ناگزیر ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر ڈینگی سیزن سے قبل ٹھوس اور مربوط اقدامات کیے جائیں تو ڈینگی کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے فوری طور پر ڈینگی ایکشن پلان 2025 تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے اقدامات اور سرگرمیوں کا تفصیلی شیڈول مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اس پلان میں حفاظتی تدابیر، آگاہی مہمات، ماحولیاتی بہتری، ویکٹر کنٹرول، سرویلنس، ضروری طبی سامان کی خریداری اور علاج معالجے سے متعلق تمام سرگرمیوں کو شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغان مہاجرین کے انخلا کی مخالفت کردی
حکومت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے ترتیب دیے جانے والے ایکشن پلان میں تمام سرگرمیوں کے لیے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کی جائیں تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
اس کے علاوہ، تمام محکموں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو واضح کرنے اور انسداد ڈینگی اقدامات کے اہداف کے حصول کے لیے مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا ایک مؤثر نظام وضع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔