خیبر پختونخوا یونیورسٹیز کوآرڈینیشن کونسل کا ’تعلیمی جرگہ‘ بلانے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا یونیورسٹیز کوآرڈینیشن کونسل نے عید کے فوراً بعد پیوٹا کے زیرِ سرپرستی ایک اعلیٰ تعلیمی جرگہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد، سیاسی جماعتوں کے قائدین، حکومت اور اپوزیشن کے اراکین، میڈیا کے نمائندے اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کو مدعو کیا جائے گا۔

جرگے کے انعقاد کا مقصد صوبے کی جامعات کو درپیش مالی مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کی جامعات کے لیے بھی بجٹ میں مناسب فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ وہ مالی بحران سے نکل سکیں۔

کونسل نے بالخصوص یونیورسٹی آف پشاور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور اور دیگر جامعات میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بجٹ میں مختص فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور یونیورسٹی انتظامیہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے،ریسکیو 1122

اس اقدام کا مقصد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بروقت ادائیگی ممکن بنانا ہے تاکہ وہ مالی مشکلات سے محفوظ رہ سکیں۔

یونیورسٹیز کوآرڈینیشن کونسل نے ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت خیبر پختونخوا اور متعلقہ اداروں کو ایک خط ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کونسل کے شرکاء کو امید ہے کہ ان قراردادوں پر عمل درآمد سے صوبے کی جامعات کو درپیش مسائل حل ہوں گے اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

Scroll to Top