پشاور: خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے تحت صوبائی مینجمنٹ سروس آفیسر اور اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کی آسامیوں کے لیے منعقدہ تحریری امتحان کا نتیجہ جاری کردیا گیا، جس میں امیدواروں کی بڑی تعداد مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکی۔
مجموعی طور پر امتحان میں شریک 5 ہزار 71 امیدواروں میں سے صرف 50 امیدوار تحریری امتحان پاس کرسکے، یوں کامیابی کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم یعنی تقریباً 0.99 فیصد رہا، جبکہ تقریباً 99 فیصد امیدوار کامیاب نہ ہوسکے۔
خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے جاری کردہ اعلان کے مطابق ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں صوبائی مینجمنٹ سروس افسران کی 55 آسامیوں جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کی 2 آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی کمی، پی ٹی سی اساتذہ دوبارہ تعینات ہوں گے
کمیشن کے مطابق مذکورہ آسامیوں کے لیے مجموعی طور پر 43 ہزار 989 درخواستیں موصول ہوئیں۔ مقررہ نصاب کے مطابق 9 ہزار 896 امیدواروں کو تحریری امتحان کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔
تاہم 20 نومبر سے 4 دسمبر 2025 تک منعقد ہونے والے تحریری امتحان میں صرف 5 ہزار 71 امیدوار شریک ہوئے، جبکہ باقی شارٹ لسٹ امیدوار امتحان میں حاضر نہ ہوسکے۔
جاری نتائج کے مطابق امتحان میں شریک 5 ہزار 71 امیدواروں میں سے صرف 50 امیدوار مطلوبہ معیار پر پورا اترتے ہوئے کامیاب قرار پائے، جبکہ 5 ہزار 21 امیدوار تحریری مرحلے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
اس طرح امتحان میں شریک امیدواروں میں کامیابی کا تناسب تقریباً 0.99 فیصد جبکہ ناکامی کا تناسب تقریباً 99 فیصد رہا۔





