لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ و طالبات کے لیے چیف منسٹر الیکٹرک بائیک اسکیم کی منظوری دے دی، جس کے تحت طلبہ کو رعایتی قیمت پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ اس اسکیم کے تحت انتہائی آسان اقساط پر الیکٹرک بائیک حاصل کرسکیں گے۔
اسکیم کے لیے پنجاب کے 33 ہزار سے زائد سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے تقریباً ایک لاکھ طلبہ اہل ہوں گے۔
بائیک کی مجموعی قیمت 1 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے سبسڈی کے بعد طلبہ کو صرف 1 لاکھ 9 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
طلبہ یہ رقم 36 ماہ یعنی 3 سال کی آسان اقساط میں ادا کریں گے، جس کے مطابق ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے بنتی ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرک بائیکس کی انشورنس، مارک اپ اور رجسٹریشن کے تمام اخراجات پنجاب حکومت خود برداشت کرے گی، جس سے طلبہ پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
الیکٹرک بائیکس مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گی جبکہ طالبات کے لیے خصوصی طور پر گلابی رنگ کی بائیکس بھی مختص کی گئی ہیں۔
آن لائن درخواست کیسے دی جائے؟
چیف منسٹر الیکٹرک بائیک اسکیم کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 5 ستمبر 2026 سے ہوچکا ہے۔ اہل طلبہ سرکاری پورٹل (bikes.punjab.gov.pk) کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے مطابق اسکیم کا مقصد طلبہ، بالخصوص طالبات کو سفر کی سستی اور بہتر سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ آمدورفت کی مشکلات ان کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں سہولت ملنے کے ساتھ صوبے میں ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔





