پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی میڈیا کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پی سی بی کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا قیاس آرائیوں پر مبنی کہانیاں پھیلا رہا ہے، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کمی کی کہانی بھارتی میڈیا نے تراشی ہے، جو کسی بھی حقیقت پر مبنی نہیں۔
ترجمان پی سی بی نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے بورڈ کو 6 ملین ڈالرز کی رقم ملے گی، جو کہ آئی سی سی سے حاصل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی ڈومیسٹک کرکٹ کھلاڑیوں سے ملاقات، فٹنس اور ٹریننگ پر بات چیت
اس کے علاوہ گیٹ منی سے ہونے والی آمدنی کا فیصلہ چند ماہ میں آڈٹ کے بعد کیا جائے گا، اور ہوٹلوں کا کرایہ، جہازوں کے ٹکٹ، پرائز منی اور دیگر اخراجات آئی سی سی کے ذمہ ہوں گے۔
بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے یہ رپورٹ بھی گردش کر رہی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے دوران 869 کروڑ روپے (85 ملین ڈالر) کا نقصان ہوا ہے، جس کے بعد بورڈ نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کٹوتی اور پانچ اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کرنے جیسے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔