پشاور: ضلعی انتظامیہ پشاور نے دیہی علاقوں میں 100 سے زائد کھیلوں کے میدان بنانے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ ہاشم عظیم کے ہمراہ ہزار خوانی میں نئے کھیلوں کے میدانوں کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا اور نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں اور بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اس موقع پر کہا کہ یہ میدان نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بہترین مواقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ عوامی شراکت داری کے تحت جاری ہے، جس سے نہ صرف نوجوانوں کے لیے صحت مند ماحول پیدا ہوگا بلکہ علاقے کی مجموعی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ پشاور میں کھیلوں کا کلچر مضبوط ہو اور نوجوان اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں۔