اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان اور دہشت گردی کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی ابتر ہوتی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے صوبائی حکومت کی دانستہ لاتعلقی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کابینہ اراکین نے صوبائی انتظامیہ کی اس عدم توجہی اور عدم تعاون پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔حالات کی نزاکت اور سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ وہ صدرِ مملکت کو آئینی اختیارات استعمال کرنے کا مشورہ دیں۔
کابینہ کی سفارش پر آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز دی گئی ہے۔
کابینہ کی منظوری اور تجاویز کی روشنی میں وزیراعظم ہاؤس سے صدرِ مملکت کو ایمرجنسی کے باقاعدہ نفاذ کے لیے ایڈوائس ایوانِ صدر موصول اور بھجوا دی گئی ہے۔





