وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عمران خان کی غیر قانونی حراست اور حکومت کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی باعزت رہائی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، کیونکہ ان کو 600 دنوں سے زائد غیر قانونی طور پر پابند سلاسل کیا گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی جرات اور بہادری نے ان کے مخالفین کو حواس باختہ کر دیا ہے۔ عمران خان نے ان کے سامنے نہ تو سر جھکایا اور نہ ہی کسی ڈیل کی، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں ملنے نہیں دیا جا رہا۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فارم 47 والی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اور الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کرکے چوروں کو حکومت دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمیشہ چور دروازوں سے حکومت میں آئے ہیں اور جیسے ہی قانون حرکت میں آتا ہے تو یہ سب لندن بھاگ جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کاٹلنگ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے عمران خان، بشری بی اور تمام قائدین و کارکنان کو فوراً رہا کرنا ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان روشن پاکستان کی نوید لیکر باعزت بری ہوں گے،اور ملک میں معاشی و سیاسی استحکام کے لیے جعلی حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے۔





