عید پر سوات کی سیاحتی مقامات پر رش، خوبصورت موسم نے سیاحوں کا دل جیت لیا

سوات : عید الفطر کے دوسرے دن سوات میں سیاحوں کی بڑی تعداد کا رش ہے اور مختلف سیاحتی مقامات جیسے کالام، مالم جبہ، مہوڈند اور دیگر مقامات پر سیاحوں کا آنا جاری ہے۔

عید کے پہلے دن سے ہی سیاحوں کی آمد شروع ہو چکی تھی اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ سوات کے حسین مناظر اور ٹھنڈے موسم نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

سوات کی مختلف وادیوں اور پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد کا اجتماع دیکھنے کو مل رہا ہے، خصوصاً مدین، کالام اور مالم جبہ میں سیاحوں کی تعداد غیر معمولی طور پر زیادہ ہے۔

سوات کے راستوں پر آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی کا آغاز ہو چکا ہے، مگر سوات کا موسم ابھی تک ٹھنڈا اور خوشگوار ہے، جہاں لوگوں نے جیکٹیں اور گرم لباس پہنے ہوئے ہیں۔

سیاحوں نے سوات کے حسین قدرتی مناظر اور تازہ ہوا سے خوب لطف اٹھانے کی بات کی اور دیگر لوگوں کو بھی سوات کے موسم کا تجربہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد بہترین جگہوں پر جانے کے لیے سوات ایک اچھا آپشن ہے جہاں کے نظارے اور موسم کسی جنت سے کم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں سوات پولیس نے چاند رات اور عید الفطر کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کردیا

ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عید کے موسم میں آنے والے سیاحوں کو بہترین تجربہ مل سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کو سوات میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے وقت کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔

Scroll to Top