پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل اور پاک افغان جرگہ کی جانب سے گزشتہ چھ ماہ سے بند پاک افغان سرحد خرلاچی اور انگور آڈہ کو کھلوانے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پاکستان کی کاروباری برادری کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت میں اہم ملاقاتیں کی گئیں، جن میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل کے چیئرمین سید جواد حسین کاظمی، یونائیٹیڈ بزنس گروپ پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر، اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کے ہمراہ خیبر چیمبر آف کامرس کے صدر یوسف آفریدی، شمالی وزیرستان چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی قدیر اللہ وزیر اور دیگر اہم تجارتی رہنما موجود تھے۔
اس ملاقات میں دونوں سرحدی گزرگاہوں خرلاچی اور انگور آڈہ پر تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرحدوں کو کھولنے سے ضم شدہ اضلاع میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور علاقے میں دیرپا امن و امان کی فضاء قائم رکھی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ پاراچنار پاک افغان شاہراہ ضلع کرم کو بھی جرگہ کی جانب سے قبائلی امن تیگہ کی روایت کے مطابق کھول دیا گیا۔
پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل کے چیئرمین سید جواد حسین کاظمی نے اس اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں سرحدوں کی ری اوپننگ سے تجارتی سرگرمیاں بحال ہوں گی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں پشاور: کور کمانڈر عمر بخاری سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کی اہم ملاقات
پاک افغان جرگہ کے سربراہ جواد حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ عید کے بعد دونوں سرحدی گزرگاہیں خرلاچی اور انگور آڈہ دو طرفہ باہمی تجارت اور آمدورفت کے لیے کھول دی جائیں گی۔





