عید الفطر پر وزیر اعلیٰ کے پی کی سیاسی کارکنان اور معززین سے ملاقات

ڈیرہ اسماعیل خان : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈہ پور نے عید الفطر کے دوسرے روز اپنی رہائش گاہ پر عید ملنے کے لیے آنے والے لوگوں، سیاسی کارکنان، معززین اور دیگر سے ملاقات کی اور عید کی خوشیوں کو سب کے ساتھ بانٹا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں میں عیدیاں بھی تقسیم کیں ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عید کے بنیادی مقصد یعنی دوسروں میں خوشیاں بانٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر ہمیں انسانیت اور محبت کا درس دیتی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عید کے موقع پر پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، جو عید کے دن بھی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ پر لڑ رہی ہے اور امن کے قیام میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک و قوم کی خدمت میں مصروف ہیں اور دور دراز علاقوں اور سرحدی علاقوں میں اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے کر ہماری سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ان کی خوشیاں قربان کرنا واقعی ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔

عید کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کے دورے کیے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ مختلف مقامات پر گئے، جہاں انہوں نے مریضوں، تیمارداروں اور مسافروں سے ملاقات کی اور انہیں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنے گھروں سے دور تمام افراد ہمارے بھائی ہیں، اور ان کی تکالیف میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔

اسی تسلسل میں کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن ظفر الاسلام اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سارہ رحمٰن نے سنٹرل جیل کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا۔

Scroll to Top