غذر کے بالائی علاقے شمرن میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں گلگت چترال روڈ بند ہوگیا ہے، جس سے دونوں علاقوں کا غذر کے بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
اس بندش کی وجہ سے نہ صرف مقامی افراد بلکہ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق گلگت میں سیاحوں کی ایک گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
برفانی تودہ یولنگ کے مقام پر گرا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور سینکڑوں مسافر دونوں جانب پھنس گئے ہیں۔
اس شاہراہ کی بندش کے باعث غذر کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں وہاں اشیائے خورد و نوش کی کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
روڈ کی بحالی کے لیے کام جاری ہے، لیکن اس میں سست رفتار کی وجہ سے اس بحران کو جلد حل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ این ایچ اے کی جانب سے بھاری مشینری کی بروقت فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے بھی روڈ کی بحالی میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارش، آندھی اور برف باری کی پیش گوئی
حکام نے بتایا ہے کہ روڈ کی بحالی کے کام میں تیزی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں اور مقامی افراد کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ اس دوران مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔