ہری پور: تربیلہ ڈیم میں پھنسے 80 مسافروں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا

ہری پور : تربیلہ ڈیم میں ایک کشتی دلدل میں پھنس گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 80 مسافر سوار تھے، تاہم ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام مسافروں کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کشتی تربیلہ ڈیم کے کم پانی کی سطح کی وجہ سے چاندنی چوک کے مقام پر دلدل میں پھنس گئی۔ کشتی تورغر سے ہری پور آ رہی تھی کہ دلدل میں پھنس گئی جس کے باعث مسافر 4 گھنٹے تک کشتی میں پھنسے رہے۔ اس دوران مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈنڈوں اور رسیوں کے ذریعے کشتی کو دلدل سے نکالنے کی کوشش کی۔

ریسکیو آپریشن کی تاخیر کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر اور ریسکیو ٹیموں کو تربیلہ جھیل کی جانب روانہ کر دیا۔ ایک گھنٹے سے زائد آپریشن کے بعد تمام مسافروں کو کامیابی سے ریسکیو کرلیا گیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں تربیلہ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کشتی پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے تربیلہ جھیل میں پھنس گئی تھی اور اس آپریشن کے دوران 20 سے زائد مسافروں کو بحفاظت منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مسافروں کو تمام ضروری امداد فراہم کی گئی اور انہیں محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔

Scroll to Top