پشاور: کمسن ڈرائیوروں، کالے شیشوں اور ون ویلنگ کے خلاف کارروائی

پشاور (ویب ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کمسن ڈرائیوروں، کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں اس کریک ڈاؤن کا آغاز کیا، جس کے دوران 1340 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔

مذکورہ کارروائیوں میں کمسن ڈرائیوروں (انڈر ایج) کے خلاف اقدامات کئے گئے، گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ پولیس نے ون ویلنگ کرنیوالے موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل منتقل کیا اور انہیں چالان کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی۔

چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکاروں کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس طرح کی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو خاص طور پر کمسن ڈرائیوروں کے خلاف بلا تعطل اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں ڈرائیونگ سے روکے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیمیں مختلف اسکولوں میں جاکر طلبہ کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کر رہی ہیں تاکہ وہ سڑکوں پر محفوظ رہیں اور کمسن ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں کسی پولیس والے نے اطلاع دہندہ کی شناخت ظاہر کی تو اسے نشان عبرت بنا دیں گے، ڈی پی او مردان

چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کو ون ویلنگ کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے اور سڑکوں کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top