ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ جات فیسٹول کے تیسرے روز بھی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام مختلف ایونٹس کے مقابلے جاری ہیں۔
ان مقابلوں میں نیزہ بازی (ٹینٹ پیکنگ)، کشتی، کبڈی، سٹون لفٹنگ، سیک لفٹنگ سمیت پالتو جانوروں کی نمائش (پیٹ شو) بھی شامل ہے۔ فیسٹول میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے اور مختلف کھیلوں کے مقابلے دلچسپ اور سنسی خیز ہیں۔
تحصیل میئر عمر امین خان گنڈاپور، محکمہ سپورٹس کے افسران و اہلکار، ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ، ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ خان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل حبیب سمیت دیگر افسران فیسٹول میں شریک ہیں اور انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان تمام سرگرمیوں میں عوام کی دلچسپی قابل دید ہے۔
نیزہ بازی کے مقابلوں میں آل پاکستان سے 150 سے زائد رائیڈر کلب اپنے جوہر کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور گھڑسواروں کے درمیان مقابلے رتہ کلاچی سٹیڈیم ڈی آئی خان میں جاری ہیں۔ کشتی، دودا اور کبڈی کے سنسی خیز مقابلے بھی جاری ہیں، جس میں مختلف پہلوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کبڈی کے مقابلوں میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے پہلوانوں کے درمیان دلچسپ مقابلے منعقد ہو رہے ہیں، اور اسلم پہلوان نے چودھوان سے کبڈی کے ایونٹ میں نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
سٹون لفٹنگ میں 122 کلو وزن اٹھایا گیا جبکہ سیک لفٹنگ میں 500 کلو کیٹگری میں مقابلے جاری ہیں۔ رسی کشی کے مقابلوں میں 100 سے زائد پہلوانوں پر مشتمل 44 جوڑ ترتیب دیے گئے ہیں۔ کشتی کے مقابلوں میں رستم ایشیاء ورلڈ چیمپیئن انعام بٹ بمقابلہ پٹھا بھولا آج 8 اپریل کو سہ پہر 3 بجے منعقد کیا جائے گا، جبکہ فخر پاکستان آصف موچی بمقابلہ فخر بہاولپور رستم باسط ماڑا بھی ہوگا۔
ڈیرہ جات فیسٹول جو ایک تاریخی ثقافتی میلہ ہے، کو کامیاب بنانے کے لیے میڈیا کوریج کی بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیکل کیمپ اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ عوام کی سہولت اور صحت کا خیال رکھا جا سکے۔
فیسٹول میں مختلف معلوماتی سٹالز اور کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں، جس سے عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ معلوماتی فائدہ بھی حاصل ہو رہا ہے۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی فیصل امین اور میئر ڈیرہ اسماعیل خان عمر امین خان گنڈاپور تمام انتظامات اور جاری کھیلوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کھیلوں کی شفافیت اور جوش و خروش برقرار رہے۔
یہ بھی پڑھیں ڈیرہ جات 2025: اسپان میلے میں رنگوں کی بہار، نیزہ بازی کا شاندار منظر
ڈیرہ جات ثقافتی میلہ کئی سالوں سے ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہو رہا ہے اور یہ پورے پاکستان سے عوام کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کا بھی اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس میلے کا انعقاد نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ پورے جنوبی پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک اہم ثقافتی سرگرمی بن چکا ہے۔





