اسلام آباد : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ روبیو نے داعش خراسان کے کارندے محمد شریف اللہ کی گرفتاری اور امریکہ کے حوالے کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کے تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
روبیو نے مزید کہا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون اور غیرقانونی امیگریشن کے مسئلے سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کی اہمیت ہے۔ اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور پاکستان کے تجارتی تعلقات میں توازن اور انصاف کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے اہم معدنیات کے حوالے سے ممکنہ تعاون اور امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی مواقع بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں پی آئی اے کی امریکہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن
یاد رہے کہ روبیو اور اسحاق ڈار نے یو این سلامتی کونسل میں پاکستان کی دو سالہ غیر مستقل رکنیت کے دوران عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔