چترال: ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت منی مائیکرو ہائیڈل پاور ہاؤسز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بونی اپر چترال میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیڈو اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار، عوام کو بجلی کی فراہمی میں تاخیر کی وجوہات اور بحالی کے عمل کی تیز رفتاری پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چترال اپر حسیب الرحمن خان، منصوبوں کے ٹھیکیداران، پاور ہاؤس کمیٹی کے ممبران اور اے کے آر ایس پی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے واضح طور پر ہدایت کی کہ تمام بحالی کے کام فوری طور پر شروع کیے جائیں اور منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ایک بنیادی عوامی ضرورت ہے، اور اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں ایبٹ آباد میں کرش پلانٹس کی نگرانی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اجلاس
ثریا بی بی نے کمیٹی کے ممبران کو تلقین کی کہ وہ جاری منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں اور وقتاً فوقتاً سائٹ کا معائنہ کرکے پیش رفت کی نگرانی کریں تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ اداروں کو اگلے اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کام کی رفتار میں سست روی ہوئی تو جوابدہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت اور ترقی کے لیے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔