پشاور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے اور خیبرپختونخوا کو پاکستان کے ساتھ چلنا ہو گا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل کی لوٹ مار اور کرپشن کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔
اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو لوگ وسائل سے مالا مال ہو رہے ہیں، ان کا کھلا پیچھا کیا جائے گا اور ان کی کرپشن کو بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوام کے مفادات کے خلاف پالیسیوں کو فروغ دیا اور یہ پارٹی ملک میں انتشار اور تفریق پیدا کرنا چاہتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی مذموم عزائم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی نے ملکی مفادات کے خلاف ہمیشہ کام کیا ہے، اور ان کے کردار سے سب واقف ہیں۔
اختیار ولی خان نے مائنز اینڈ منرلز بل کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے مشروط کرنے کی کوشش کو مذموم عزائم کی نشاندہی قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ہمیشہ بلیک میلنگ کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان کی شیر افضل مروت اور اختیار ولی خان پر تنقید
انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی کے منفی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور خیبرپختونخوا کی عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔





