کمانڈر بنوں بریگیڈیئر نوید احمد کا اچانک شہر کا دورہ، عوام سے گھل مل گئے، بچوں میں تحائف تقسیم کئے

بنوں: کمانڈر بنوں بریگیڈیئر نوید احمد نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک بنوں شہر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے افسران کے ہمراہ عوامی مقامات کا وزٹ کیا اور شہریوں سے قریبی رابطہ قائم کیا۔

دورے کے دوران بریگیڈیئر نوید احمد خصوصی افراد، خصوصاً گونگے بہرے افراد اور بازاروں میں موجود بچوں سے ملے اور انہیں تحائف پیش کیے۔ شہریوں نے کمانڈر بنوں کو اپنے درمیان عام شہری کی طرح گھومتا دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

کمانڈر بنوں نے شہر میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور مصروف ترین چائے کے ڈبے پر پہنچ کر عام شہریوں کے ساتھ چائے پی اور گپ شپ کی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے ان کے ساتھ سلفیاں بنائیں اور ان سے گرم جوشی کا مظاہرہ کیا۔

ایک جذباتی لمحے میں، جوتے پالش کرنے والا نوجوان کمانڈر کو دیکھ کر دوڑا چلا آیا، جسے بریگیڈیئر نوید احمد نے محبت سے گلے لگایا اور تحفہ بھی پیش کیا۔

کمانڈر بنوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو، اسے سختی سے کچلا جائے گا۔ بنوں کے شہریوں نے آج ایک بار پھر دہشت گردی کو یکسر مسترد کیا اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

بریگیڈیئر نوید احمد نے بنوں کے عوام کی مہمان نوازی، پشتون ولی اور اسلامی اقدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہی روایات پاکستان کو مضبوط بناتی ہیں اور پاک فوج کو عوامی اعتماد حاصل ہوتا ہے۔

Scroll to Top