عدالت نے ایس ایچ او کو ایک ماہ قید، دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی

پشاور: سیشن کورٹ پشاور نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ حیات آباد طارق خان کو ایک ماہ قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طلاء محمد نے توہین عدالت کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار کی گاڑی 2015 میں پولیس نے تحویل میں لی تھی، جسے 2019 میں عدالت نے واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم عدالتی احکامات کے باوجود گاڑی واپس نہیں کی گئی۔

عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ ایس ایچ او عدالتی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں، جس پر انہیں سزا سنائی گئی۔ عدالت نے سی سی پی او پشاور اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ ایس ایچ او کو فوری حراست میں لیا جائے اور سنٹرل جیل منتقل کیا جائے۔

عدالت نے مزید ہدایت دی کہ سی سی پی او اور دیگر متعلقہ پولیس افسران گاڑی کی برآمدگی یقینی بنائیں اور دس دن کے اندر رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے ویمن یونیورسٹی کے ملازمین کی مستقلی کی درخواست مسترد کردی

Scroll to Top