سوئی نادرن گیس کی قیمت میں اوسطا735روپے 59پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس قیمت میں 2443روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025،26کی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں ۔ سوئی نادرن نے 700ارب 97کروڑ کی مالی ضروریات کی فراہمی اور 207ارب 43کروڑ 50لاکھ کا شارٹ فال وصول کرنے کی درخوات کی ۔اس کیساتھ سوئی نادرن گیس کی اوسط قیمت 2485روپے 72پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سوئی سدرن نے 883ارب 54کروڑ چالیس لاکھ روپے کی مالی ضروریات اور 44ارب 33کروڑ بیس لاکھ روپے کے شارت فال کی وصولی کی درخواست کی ہے جبکہ سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت 4137روپے 49پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ۔
حکام کے مطابق سوئی نادرن کی درخواست پر اٹھارہ اور اٹھائیس اپریل کو لاہور اور پشاور میں سماعتیں ہوں گی جبکہ سوئی سدرن کی درخواست پر اکیس اور تائیس کو کراچی اور کوئٹہ میں سماعتیں ہوں گی ۔





