پشاور ۔ خیبرپختونخوا میں 14 سے 18 اپریل تک گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور گرد آلود ہواؤں کے چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، پیر سے صوبے کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی اور خشک موسم کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ گرمی کی لہر سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کے لیے پانی کا مناسب انتظام یقینی بنائیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سورج کی روشنی میں باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر بزرگ اور بچوں کو صبح 10 سے شام 5 بجے کے درمیان براہ راست دھوپ میں نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں کو گرمی کی لہر سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم اے نے ہیلتھ سروسز، پیرامیڈیکس، اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹس کو ہائی الرٹ رہنے اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مویشیوں اور پالتو جانوروں کی ضروریات کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کے انجن میں پانی اور ٹائروں کا پریشر چیک کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔